خیبر پختونخوا میں افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے مطابق طورخم سرحدی گزرگاہ کے ذریعے ہزاروں افغان شہری اپنے وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔
محکمے کے مطابق گزشتہ روز پی او آر کارڈز رکھنے والے 860 افغان شہری افغانستان واپس چلے گئے، جبکہ افغان سٹیزن کارڈز رکھنے والے مزید 150 افراد نے بھی وطن واپسی کی راہ لی۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یکم اگست سے 12 ستمبر تک پی او آر کارڈ رکھنے والے مجموعی طور پر 98 ہزار 90 افغان شہری واپس افغانستان جا چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اے سی سی کارڈ رکھنے والے 48 ہزار 582 افراد بھی طورخم کے راستے اپنے ملک لوٹ چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ واپسی رضاکارانہ بنیادوں پر ہو رہی ہے اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ، سرحدی فورسز اور متعلقہ ادارے مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا عمل گزشتہ کئی مہینوں سے جاری ہے، جس کے تحت پناہ گزینوں کو باحفاظت ان کے وطن پہنچانے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔