پشاور (حسن علی شاہ سے) خیبر ٹیلیویژن نیٹ ورک ہمیشہ اپنے ناظرین کے لیے ایسے ڈرامے پیش کرنے میں منفرد رہا ہے جو بامقصد اور نصیحت آموز ہونے کے ساتھ ساتھ پشتون روایات اور ثقافت کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس کے ہر ڈرامے کو گھر گھر میں شوق سے دیکھا جاتا ہے اور پسندیدگی کی سند ملتی ہے۔
رواں سہ ماہی میں بھی خیبر ٹی وی بیک وقت تین معیاری ڈرامہ سیریلز پیش کر رہا ہے۔ ان میں سجاد طورو کا "دجوند تصویر”، اشفاق طورو کا "ازغل” اور اظہار بوبی کا "زنجیرونہ” شامل ہیں۔ تینوں ڈراموں میں نامور اداکار اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
ایک تازہ سروے کے مطابق "ازغل” 70 فیصد اور "زنجیرونہ” 90 فیصد ناظرین میں تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ناظرین ان ڈراموں کو دل سے پسند کر رہے ہیں۔
اظہار بوبی کا یہ خاصہ رہا ہے کہ وہ ہمیشہ ہمارے معاشرے کے حساس مسائل کو اجاگر کرتے ہیں۔ "زنجیرونہ” کی کہانی بھی اسی روایت کی عکاسی کرتی ہے۔ اس ڈرامے میں سود کے مکروہ اور غیرشرعی کاروبار کو موضوع بنایا گیا ہے۔ مصنف نے یہ واضح کیا ہے کہ سود ایک ایسا گناہ کبیرہ ہے جسے اللہ تعالیٰ نے سختی سے حرام قرار دیا ہے اور سود خور کو باغی کہا ہے۔ اس کے باوجود کچھ عناصر لالچ اور ہوس میں ڈوب کر اس گناہ کے مرتکب ہوتے ہیں اور دولت کے لالچ میں اپنی انسانیت کو بھی بھلا بیٹھتے ہیں۔ "زنجیرونہ” میں دکھایا گیا ہے کہ سود خور کس طرح زر کی ہوس میں شیطان کا روپ دھار لیتا ہے۔
اس ڈرامے کی کاسٹ میں اصف خان، سلطان حسین، طارق جمال، مینہ شمس، ٹروت علی، توحید اللہ، شیناز پشاوری، نادیہ علی، نادیہ خان، فیمید خان، نیک محمد، بی بی شیرینے اور مرحوم سلیم شوق شامل ہیں، جو اپنی بہترین اداکاری سے ناظرین کے دل جیت رہے ہیں۔