آزاد کشمیر اسمبلی میں تبدیلی لانے کیلئے مسلم لیگ ن نے پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا،پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے پر اتفاق کرلیا ۔
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے وفد نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں سیاسی و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں آزاد کشمیر میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے اور نئی حکومت سازی کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی ۔
ملاقات میں وزیراعظم کے ناموں پر غور کیا گیا جبکہ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کو آزاد کشمیر میں حکومت کا حصہ بننے کی باضابطہ دعوت دیدی ۔
ملاقات کے بعد وفاقی وفاقی وزرا اور پیپلزپارٹی کے رہنماوں نے میڈیا سے مشترکہ گفتگو کی ، قمر زمان کائرہ نے بتایا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کیخلاف عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں مسلم لیگ (ن) بھی ہمارے ساتھ ہوگی جبکہ ن لیگ آزاد کشمیر حکومت سازی کا حصہ نہیں ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مسلم لیگ ن کی حکومت میں شامل نہ ہونے والی بات کو تسلیم کرلیا ہے جبکہ انہوں نے ہمارے ساتھ عدم اعتماد سے متعلق فیصلے پر اتفاق کیا ہے ۔
سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن تحریک عدم اعتماد میں پیپلزپارٹی کا ساتھ دے گی، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر حکومت کا حصہ نہیں بنے گی ۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے، اتفاق رائے ہے کہ آزاد کشمیر میں بہتر حکومت دینی ہے ۔

