پشاور (شوبز ڈیسک ) خیبر نیوز کے مارننگ شو “خیبر سحر” میں توہمات، عملیات اور تعویذات کی اصلیت پر خصوصی پروگرام پیش کیا گیا۔ پروگرام کی میزبانی امین مشال نے کی، جبکہ مہمانوں میں ممتاز دینی اسکالر ڈاکٹر فیاض الدین اور سابقہ عامل افضل رحیم شامل تھے۔
پروگرام میں سابقہ عامل افضل رحیم نے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ عملیات اور تعویذات کے نام پر لوگوں کو گمراہ کیا جاتا ہے، “یہ سب جھوٹ اور دھوکہ ہیں، میں خود اس فریب کا حصہ رہا ہوں لیکن اب لوگوں کو سچ بتانا اپنا فرض سمجھتا ہوں۔”
معروف عالم دین ڈاکٹر فیاض الدین نے قرآنی حوالوں کے ساتھ وضاحت کی کہ قرآن و سنت میں عملیات اور تعویذات کی ایسی کوئی بنیاد نہیں، بلکہ اکثر اوقات یہ عقیدے کو کمزور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر جنات کے اثرات کا جو تاثر دیا جاتا ہے وہ دراصل عصبی یا نفسیاتی بیماریوں کا نتیجہ ہوتا ہے، جس کا علاج دینی رہنمائی کے ساتھ ساتھ میڈیکل سائنس کے ذریعے ممکن ہے۔
پروگرام کے میزبان امین مشال نے گفتگو کے اختتام پر کہا کہ خیبر سحر کا مقصد عوام کو علم و شعور دینا اور معاشرتی توہمات کے خلاف آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ لوگ جھوٹے عاملین کے جال میں نہ پھنسیں۔

