پشاور (اسٹاف رپورٹر) نشتر ہال پشاور میں پاکستان ڈائریکٹرز، پروڈیوسرز، رائیٹرز اینڈ آرٹسٹس ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) کے زیرِ اہتمام کراچی سے تعلق رکھنے والے معروف ماڈرن اسلامی مصور و خطاط، نوشاد الرحمن کی اسمائے حسنیٰ اور آیاتِ ربانی پر مبنی پینٹنگز کی خصوصی نمائش منعقد ہوئی۔ نمائش میں 70 سے زائد فن پارے پیش کیے گئے جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔
نمائش کا افتتاح خیبر پختون خوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل حبیب اللہ عارف نے کیا۔ افتتاحی تقریب سادہ مگر باوقار رہی۔ اس موقع پر پی ڈی پی ڈبلیو اے کے چیئرمین سجاد علی اورکزئی نے صوبے کے آرٹسٹوں خصوصاً ویژول آرٹسٹس کو درپیش مسائل سے مہمانِ خصوصی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے مستقل آرٹ گیلری کے قیام، مقامی مصوروں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے اور آرٹسٹ برادری کی فلاح و بہبود سے متعلق سفارشات پیش کیں۔
مہمانِ خصوصی نے اپنے پیشہ ورانہ مصروفیات کے باعث تاخیر سے آنے پر معذرت کرتے ہوئے پی ڈی پی ڈبلیو اے کے ساتھ مزید ایک مشترکہ پروگرام منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے نشتر ہال کی موجودہ آرٹ گیلری کو مستقل بنیادوں پر فعال کرنے کا اعلان بھی کیا، جبکہ تنظیم کی جانب سے جمع کرائے گئے تجویزاتی مسودے کی روشنی میں مستقل آرٹ گیلری کی تعمیر پر جلد پیش رفت کی خوشخبری دی۔
تقریب میں مہمانِ خصوصی کو تنظیم کی جانب سے چادر، روایتی ٹوپی اور ایک خوبصورت پینٹنگ کا تحفہ پیش کیا گیا۔ اسی طرح صوبے کی نمایاں شخصیات—محترمہ ناز پروین (ڈائریکٹر چائنہ ونڈو)، محترمہ نوید شبیر (معروف مصورہ)، ڈاکٹر نیاز علی خان (چیئرمین آرٹسٹس ایکشن فاونڈیشن)، محمد علی سید (جی ایم ٹورازم)، محمد شیر خان (ڈائریکٹر مہمند ڈیم) اور وسیم خان (سیکشن آفیسر کلچر)کو بھی پینٹنگز بطورِ تحفہ پیش کی گئیں، جبکہ سیکریٹری کلچر اینڈ ٹورازم کے لیے مخصوص پینٹنگ وسیم خان نے وصول کی۔
یہ رنگارنگ تقریب چائے کی دعوت پر اختتام پذیر ہوئی۔ عوام کے لیے یہ نمائش 20 اور 21 نومبر تک جاری رہے گی۔

