محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ آج سے ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث آئندہ چند روز کے دوران مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں اور بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے 23 اضلاع میں 31 دسمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ کوئٹہ، زیارت، قلات، چمن، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بارش کا امکان ہے، جبکہ قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، بارکھان، سبی، لورالائی اور موسیٰ خیل میں بھی بارش متوقع ہے۔
اسی طرح کیچ، گوادر، لسبیلہ، آواران، چاغی، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ مغربی ہواؤں کے اس سسٹم کے باعث شمالی علاقوں میں برفباری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
دوسری جانب 30 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، صوابی اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 دسمبر سے 2 جنوری کے دوران گلگت بلتستان کے علاقوں دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت اور شگر میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے، جبکہ کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور درمیانے درجے کی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

