کوهستان میں سامنے آنے والے چالیس ارب روپے کے میگا کرپشن اسکینڈل میں ایک ملزم بیرونِ ملک فرار ہو گیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق فرار ہونے والے ملزم کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک اس اسکینڈل میں مرکزی ملزم قیصر اقبال سمیت 23 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید 6 ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ نیب ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان میں سے چار سے زائد افراد نے پلی بارگین کی درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔
تحقیقات کے دوران 23 ملزمان کے اثاثے اور بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔ نیب کے مطابق قومی خزانے کو یہ بھاری نقصان تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں، سال 2019 سے دسمبر 2024 کے درمیان پہنچایا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس اسکینڈل میں سرکاری افسران، ٹھیکیداروں اور بینک حکام کی ملی بھگت سے جعلی کمپنیوں اور جعلی دستاویزات کے ذریعے اربوں روپے کا غبن کیا گیا۔ نیب کی جانب سے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔

