پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے 25 مارچ سے اب تک ہونے والی بارشوں کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات سے متعلق اب تک کی رپورٹ جاری کردی، اس دوران مختلف حادثات میں 45 افراد جاں بحق جبکہ 105 زخمی ہوئے ،رپورٹ میں 6 سے 9 اپریل تک مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے ۔
پشاور: پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبہ میں ہونے والی بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 45 افراد جاں بحق جبکہ 105 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 23 بچے ، 17 مرد اور 5 خواتین جبکہ زخمیوں میں 45 مرد ، 16 خواتین اور 44 بچے شامل ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 442 گھر وں کو نقصان پہنچا۔ جس میں 382 گھروں کو جزوی جبکہ 60 گھر مکمل طور پر منہدم ہوئے ۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع بنوں، ایبٹ آباد، مردان، باجوڑ، ہنگو، مہمند، کوہاٹ، شمالی وزیرستان، پشاور، خیبر، نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم، لکی مروت، شانگلہ، بٹگرام، لوئر کوہستان، مانسہرہ، طورغر، سوات، اپر دیر، چارسدہ، بونیر، مالاکنڈ، لوئر دیر، اورکزئی، جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں پیش آئے ۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداراے آپس میں رابطے میں ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کو امدادی سامان روانہ کردیا گیا ہے ۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد امدادی سامان فراہم کرنے اور ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔
پی ڈٰ ایم اے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبہ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا نیا سلسلہ 6 اپریل سے 9 اپریل کے تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔
رپورٹ میں عوام سےاپیل کی گئی ہے کے بلا وجہ سفر سے گریز کریں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے الرٹس/ اور ایڈوائزری پر عمل کریں ۔

