اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا اور ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر منجیمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر ممکنہ حادثات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ کے مطابق خیبرپختونخوا کے ہزاره اور ملاکنڈ ڈویژنز کے علاوہ مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ اور قبائلی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ جنوبی اضلاع کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، بارکھان اور کوہلو میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ اور خراب موسمی حالات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

