پاکستان سپر لیگ 11 کے پہلے ایلیمینیٹر میں حیدر آباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دیدی، شکست کے بعد ایونٹ میں ملتان کا سفر بھی تمام ہو گیا، سلطانز کے 160 رنز ہدف کو کنگز مین نے 2 وکٹ کے نقصان پر 16ویں میں حاصل کرکے کامیابی حاصل کی ۔
لاہور: قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان سلطانز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی ۔
ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 159 رنز بنائے، شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، محمد نواز 18،صاحبزادہ فرحان 15 اور سٹیو سمتھ 13 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے ۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے محمد علی، حنین شاہ اور عاکف جاوید نے 2، 2 جبکہ صائم ایوب اور گلِن میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
حیدرآباد کنگز مین نے 160 رنز کا ہدف با آسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر 16ویں اوور میں حاصل کرلیا، معاذ صداقت 64 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، عثمان خان نے بھی 64 رنز کی اننگز کھیلی، شاندار بیٹنگ پر حیدر آباد کنگز مین کے اوپنر بیٹر معاذ صداقت کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا ۔
دوسری جانب حیدر آباد کنگز مین جمعے کو ایلیمینیٹر 2 میں اسلام آباد یونائٹڈ سے مقابلہ کرے گی اور یہ میچ جیتنے والی ٹیم کا مقابلہ ایونٹ کے فائنل میچ میں پشاور زلمی سے ہوگا ۔

