محکمہ داخلہ پنجاب میں صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوامی نیشنل پارٹی پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری امیر بہادر خان ہوتی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے شرکت کی ۔
لاہور (خیبر نیوز): اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ڈی جی اوقاف اور اے آئی جی آپریشنز سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔
ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال، بین المسالک ہم آہنگی اور پختون برادری کو درپیش مخصوص مسائل، بالخصوص شناختی دستاویزات اور سرچ آپریشنز کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔
اس موقع پر امیر بہادر خان ہوتی نے پنجاب میں پختون برادری کے تحفظات بیان کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے عملی تجاویز پیش کیں ۔
خواجہ سلمان رفیق نے وفد کو یقین دلایا کہ پنجاب تمام پاکستانیوں کا مشترکہ گھر ہے اور حکومت وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق سماجی ہم آہنگی کے لیے کوشاں ہے ۔
اجلاس میں پختون برادری اور حکومت کے درمیان رابطوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک مؤثر مکینزم قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، فریقین نے مستقبل میں بھی باہمی مشاورت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

