اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط کو مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے تجارت اور ٹرانزٹ تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا، جب کہ خطے میں معاشی روابط کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر تجارت نے علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے لیے سہولت کاری کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاجسٹکس نظام کی بہتری اور متبادل راستوں کی تلاش وقت کی اہم ضرورت ہے۔
جام کمال خان نے مربوط تجارتی راہداریوں کے قیام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لاجسٹکس حب اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کے ذریعے خطے میں روابط کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے نجی شعبے کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے بزنس فورم کے انعقاد کی تجویز بھی پیش کی۔
اس موقع پر تاجک سفیر شریف زادہ یوسف توئر نے پاکستان کی جانب سے علاقائی روابط کے فروغ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے سستے اور قابل اعتماد ٹرانزٹ روٹس کی اہمیت پر زور دیا۔

