سوات تھانہ رحیم آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی پی او سوات کے نوٹس پر کی گئی کارروائی کے دوران دونوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے مبینہ طور پر لڑکی کو ہوٹل میں زیادتی کا نشانہ بنانے کا انکشاف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے متاثرہ لڑکی کو زہریلی دوا پلائی، جس کے بعد اس کی حالت تشویشناک ہو گئی اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم متاثرہ لڑکی دورانِ علاج اسپتال میں دم توڑ گئی۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

