پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف پاکستان کی جائز، ٹارگٹڈ اور متناسب کارروائیوں کے بارے میں بھارت کے بے بنیاد بیان کو مسترد کیا ہے ۔
اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف پاکستان کی جائز، ہدفی اور متناسب کارروائیوں کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے بے بنیاد بیان کو مسترد کرتا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ یہ مضحکہ خیز بیان ایسے ملک کی جانب سے سامنے آیا ہے جو تاریخی طور پر اپنے ہمسایہ ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرتا رہا ہے، ان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نقصان پہنچاتا رہا ہے اور وہ اب بھی اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کو دبائے ہوئے ہے ۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرگرم دہشت گرد گروہوں کی معاونت اور سرپرستی میں بھی سرگرم ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے متعلقہ پابندیوں کے نظام کی خلاف ورزی ہے اور وہ مسلسل خطے میں امن کو نقصان پہنچانے والے کردار کے طور پر کام کر رہا ہے ۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کے بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیز بیانات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جانا چاہیے، پاکستان بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام مناسب اقدامات کرتا رہا ہے اور وہ آئندہ بھی کرتا رہے گا ۔

