گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے پشاور میں سعودی ایئرلائنز کے نئے دفتر کا افتتاح کر دیا ۔
گورنر خیبرپختونخوا اور سعودی سفیر نے نئے دفتر کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا او ر کہا کہ سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کو پشاور آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں ۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پشاور میں سعودی ایئرلائنز کے نئے دفتر کا قیام خیبرپختونخوا کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے، سعودی ایئرلائنز کے نئے دفتر سے خیبرپختونخوا کے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی،خیبرپختونخوا سے ہر سال بڑی تعداد میں شہری حج، عمرہ اور روزگار کے لیے سعودی عرب جاتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پشاور سے جدہ، ریاض اور مدینہ کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کی جانی چاہئیں، سعودی سفیر سے پشاور میں سعودی قونصل خانہ قائم کرنے کی درخواست کی ہے،پشاور میں سعودی قونصل خانے کے قیام سے عوام کو بڑی سہولت ملے گی ،امید ہے سعودی سفیر پشاور میں سعودی قونصل خانے کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے ۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد، اخوت اور دیرینہ تعاون پر استوار ہیں، پاکستان اور سعودی عرب برادر ممالک ہیں، دونوں کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں ۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو شکست دی،سعودی عرب نے برادرانہ کردار ادا کیا، سعودی عرب نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، اس تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ حرمین شریفین کی خدمت و حفاظت کے لیے پاکستانی افواج پر سعودی اعتماد ہمارے لیے باعثِ فخر ہے، پاکستانی اور سعودی تاجروں کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کی معیشت کو فائدہ ہوگا ۔

