حکومتی اور اپوزیشن وفد کی بیٹھک سپیکر چیمبر میں ہوئی تاہم پہلے روز فریقین کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے اور کل دوبارہ بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔
اسلام آباد: اپوزیشن وفد کا سپیکر چیمبر پہنچنے پر سردار ایاز صادق نے استقبال کیا، اپوزیشن کی جانب سے علامہ راجا ناصر عباس، بیرسٹرگوہر، اسد قیصر،عامر ڈوگر اور سلمان اکرم راجا شریک ہوئے جبکہ حکومتی وفد میں وزیر داخلہ محسن نقوی، شیری رحمان، ڈاکٹر طارق فضل چودھری اور طلال چودھری شامل تھے، اس کے علاوہ اعجاز جاکھرانی، نوید قمر، رانا ثناء اللہ اور امیر مقام بھی حکومتی وفد کا حصہ تھے ۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ مذاکرات میں کئی بار تحریک انصاف اور حکومتی ٹیم میں گرما گرمی ہوئی جبکہ پیپلز پارٹی کے اراکین زیادہ تر خاموش رہے ۔
سپیکر کے چیمبر میں حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کے مذاکرات میں ماحول کشیدہ ہوگیا، عدالتی معاملات پر رانا ثناءاللہ اور اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ۔
سپیکر قومی اسمبلی نے فریقین پر افہام و تفہیم سے آگے بڑھنے پر زور دیا اور دونوں فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی ۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے وفد کے درمیان پہلے روز کے مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے اختتام پزیر ہو گئے ہیں اور فریقین نے کل دوپہر دوبارہ بیٹھک لگانے پر اتفاق کیا ہے ۔

