فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدارت میں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے، کسی بھی جواز پر پرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی اور ایسی کوشش کو فیصلہ کُن طاقت اور قانون کے ساتھ بلاامتیاز اور بلا جھجھک نمٹا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں فورم کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، کانفرنس کے شرکا نے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ۔
شرکا کا کہنا تھا کہ کسی بھی جواز پر، پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنےکی کسی بھی کوشش سے نمٹا جائے گا، ایسی صورت میں فیصلہ کُن طاقت اور قانون کےساتھ بلاامتیاز اور بلاجھجھک نمٹا جائےگا، بھارت کے آلہ کارکے طورپردہشتگردی کے سنگین نتائج کی ذمہ دار صرف طالبان قیادت ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے دہشتگردی کے خاتمے کےلیے زمینی کارروائیوں کے ساتھ بہترین انتظامی اور گورننس کے اقدامات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیوں کو سراہا ۔
شرکا کا کہنا تھا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں، ضروری ہے عوام کیساتھ دہشتگردی کی وجوہات پر مؤثر رابطہ کاری اور بیانیے پر کام کیا جائے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مخصوص عناصر کے ٹیرر کرائم گٹھ جوڑ کو توڑنا ضروری ہے ۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے پولیس کی استعداد کار کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے پاکستان،سعودی عرب،ترکیہ کےدرمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا، فورم نے معاہدےکو دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات، مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیا ۔
کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا۔ شرکا نے سعودی عرب سے اظہار یکجہتی، حرمین شریفین کے تحفظ، تقدس کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم کے مطابق مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں،کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے ۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز مزید مضبوط کرنے کے عمل کو جاری رکھے رکھا جائے، فارمیشنز جدید ٹیکنالوجی کےحصول، ٹریننگ، تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں ۔
آئی ایس پی آر کا مزید بتانا ہے کہ فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔

