پشاور: خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری کی جانب سے اصلاحات اور خریداری کے عمل کے حوالے سے محکموں کو قوانین اور ضوابط اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیف سیکرٹری کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام انتظامی محکمے، منسلک محکمے اور دیگر سرکاری دفاتر ہر قسم کی خریداری کے عمل کا جائزہ لیں گے۔
تمام محکمےاس بات کو یقینی بنائیں کہ سامان، سول ورکس اور ہر قسم کی خریداری محکمانہ تقاضوں، ترجیجات اور قواعد کے مطابق ہو۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خریداری کے عمل میں تمام مراحل کا جائزہ لیا جائے گا، جس میں آغاز، جانچ پڑتال اور ایوارڈ دینے کے مراحل شامل ہیں۔
ہر معاملے کا جائزہ ضرورت، فنڈز، قواعد کی پابندی، شفافیت، مناسب قیمت اور عوامی مفاد کی بنیاد پر لیا جائے۔
مزید کارروائی کا فیصلہ جائزے کے نتائج اور متعلقہ قوانین و ضوابط کے مطابق کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہاگیا ہے کہ انتظامی سیکرٹریز یقینی بنائیں گے کہ یہ عمل اپنے محکموں، ماتحت اداروں اور ڈویژنل و ضلعی دفاتر میں مکمل کیا جائے۔
پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران مختلف سرکاری محکموں میں کرپشن کے انکشافات سامنے آنے کے بعد یہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

