خیبر پختونخوا پولیس کو جدید ساز و سامان سے لیس کرنے کے عزم کے تحت 8 جدید اے پی سیز اور 10 ایمبولینسز مختلف ریجنز کے ضلعی پولیس افسران کے حوالے کر دی گئیں،تیز ترین اور تمام طبی سہولیات سے مزین 10 ایمبولنسز کے علاوہ 6ضرب حیدر اور 2 ڈریگون کلاس اے پی سیز فراہم کی گئیں ۔
پشاور: آئی جی خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے تمام اے پی سیز اور ایمبولینسز کا خصوصی معائنہ کیا اور ان کے بارے میں تفصیلی آگاہی حاصل کی، بعدازاں انہوں نے گاڑیوں کی چابیاں متعلقہ اعلیٰ افسران کے حوالے کیں ۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فورس کے جوانوں کوہنگامی حالات اور دوران آپریشنز محفوظ نقل و حرکت کیلئے جدید اے پی سیز فراہم کر رہے ہیں جو اِن کی قیمتی جانوں کے تحفظ کیلئے انتہائی اہم ہیں ۔
اُنکا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے حملوں سمیت دوران آپریشنز زخمی ہونے والے جوانوں کو ہسپتال پہنچنے تک کا قیمتی وقت فراہم کرنے کیلئے تمام فیلڈ میڈیکل ضروریات سے لیس تیز رفتار ایمبولنسز بھی حاصل کی گئیں ہیں جو اِن بہادر جوانوں کی قیمتی زندگیاں بچانے میں معاون ثابت ہونگی ۔
آئی جی پی نے مذیدکہا کہ موجودہ حالات میں فورس کو ہر قسم کی سہولیات سے لیس کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور اس ضمن میں خصوصی سمریز صوبائی حکومت کو ارسال کی گئی ہیں ۔

خیبر پختونخوا پولیس کو دوران آپریشنز یا دہشتگردوں کے حملے کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں کو بروقت طبی امداد دے کر ہسپتال پہنچانے کیلئے تیز ترین اور تمام طبی سہولیات سے مزین 10 ایمبولنسز کے علاوہ 6ضرب حیدر اور 2 ڈریگون کلاس اے پی سیز فراہم کی گئیں ۔
جدید ایمبولنسز اور اے پی سیز پشاور، چارسدہ، دیر لوئر، دیر اپر، کوہاٹ، کرک، بنوں ، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ایبٹ آباد اور شانگلہ کے پولیس افسران کے حوالے کی گئیں ۔

