پشاور سکول سانحے کی انکوائری رپورٹ گورنر خیبر پختونخوا کو پیش کر دی گئی، جس میں واقعے کے ذمے دار کا تعین کر دیا گیا، انکوائری رپورٹ میں سکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال پر سکول مالک کو ذمہ دار قرار دیا گیا ۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت دیر کالونی سکول حادثے کی انکوائری رپورٹ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی ۔
اجلاس میں مشیر تعلیم عامر عبداللہ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، سیکرٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم اور انکوائری کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی، انکوائری کمیٹی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو دیر کالونی سکول حادثے کی انکوائری رپورٹ پیش کر دی ۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کو حادثے کی وجوہات، متعلقہ افسران کے بیانات، محکموں کی ذمہ داریوں، انکوائری کمیٹی کے نتائج اور سفارشات پر بریفنگ دی گئی، انکوائری رپورٹ میں سکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال پر سکول مالک کو ذمہ دار قرار دیا گیا ۔
انکوائری رپورٹ میں متعلقہ محکموں کی جانب سے غفلت برتنے کے حوالے سے بھی گورنر فیصل کریم کنڈی کو آگاہ کیا گیا، گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ انکوائری رپورٹ کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ قانون سے مشاورت کی جائے ۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دیر کالونی سکول حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

