پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کو کامیاب قرار دیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے سکیورٹی اور انٹیلیجنس فورسز کو کامیاب آپریشن پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ آپریشن کی ویڈیوز دیکھ کر شدید دکھ ہوا کہ فتنۃ الخوارج نے مساجد کو دہشت گردی اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مساجد امن اور اسلام کا درس دیتی ہیں، وہاں ایسی مذموم سرگرمیوں کا ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔
ضم شدہ اضلاع میں ماضی میں بھی مساجد کے غلط استعمال کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، جسے ہمارا معاشرہ کسی صورت قبول نہیں کرتا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں مکمل امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

