غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے تارکین وطن کی ایک کشتی لیبیا کے سمندر میں حادثے کا شکار ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں اس میں سوار 70 مسافر لاپتا ہو گئے ہیں، جبکہ متاثرین میں خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے 35 نوجوان بھی شامل ہیں ۔
باجوڑ میں متاثرہ گھرانے شدید کرب کے عالم میں اپنے پیاروں کی خیر و عافیت کے منتظر ہیں، لواحقین کے مطابق انہیں اس سانحے کی خبر انسانی سمگلر (ایجنٹ) نے دی، جس نے گزشتہ روز آگاہ کیا کہ کشتی کو 21 نومبر کو حادثہ پیش آیا تھا اور تا حال سمندر سے کوئی میت برآمد نہیں ہو سکی، دوسری جانب تحصیل ماموند کے علاقے نختر میں غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے ۔
اس حوالے سے ڈی پی او خان زیب مہمند نے واضح کیا ہے کہ انسانی سمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا، اور نوجوانوں کو غیر قانونی راستوں سے یورپ بھجوانے والے عناصر کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے ۔
ادھر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے اس المناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوان روزگار کی عدم دستیابی کے باعث سمندروں کی نذر ہو رہے ہیں، جبکہ بے روزگاری، بدامنی اور معاشی تنگدستی نے انہیں دیارِ غیر کا خطرناک رخ اختیار کرنے پر مجبور کیا ہے کیونکہ انہیں اپنے ہی ملک میں باعزت روزگار اور محفوظ مستقبل میسر نہیں ۔
ایمل ولی خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انسانی سمگلنگ نیٹ ورک اور اس کے سہولت کاروں کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور کڑی سزا دی جائے، نیز جاں بحق ہونے والوں کے جسدِ خاکی جلد از جلد وطن واپس لائے جائیں اور لاپتا شہریوں کی بازیابی کے لیے لیبیا کی حکومت سے فوری اور مؤثر سفارتی رابطے کیے جائیں ۔

