اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بیلاروس کا وزارتی وفد وزیر خارجہ میکسم رائزنکوف کی قیادت میں اسلام آباد پہنچا، وفد کا استقبال وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ شفقت علی خان نے کیا۔ بیلاروس کا صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کل اسلام آباد پہنچیں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ بیلاروس میں پاکستان کے سفیر سجاد حیدر خان بھی وفد کے استقبال کے موقع پر موجود تھے، بیلاروس کے وفد میں وزیر خارجہ سمیت کل 8 وزراء شامل ہیں، بیلاروس کا وفد 68 افراد پر مشتمل ہے، وفد میں 43 تجارتی افراد شامل ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ وفد کو اسلام آباد آمد پرخوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی کل آمد کے منتظرہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے صدر کا دورہ دوطرفہ تعلقات کومزیدمضبوط بنانے میں انتہائی اہمیت کاحامل ہے، پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور بیلاروس کےساتھ تعلقات کومختلف شعبوں میں آگےبڑھانےکاخواہاں ہے۔
خیال رہے بیلاروس کے صدر کی سرکاری دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف سے تفصیلی بات چیت ہوگی اور دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں پرتعاون کے فروغ پر تبادلہ کیا جائے گا جبکہ متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔