پاکستانی جوان سے فیس بک پر دوستی کے بعد شادی کے لیے پاکستان آنے والی امریکی خاتون نے دیر کے رہائشی ساجد علی سے شادی کرلی ۔
امریکہ سے آئی خاتون مِنڈی نے گزشتہ رات اپر دیر کے نوجوان ساجد زیب سے نکاح کرلیا، ساجد زیب کے مطابق مینڈی نے اسلام قبول کرلیا ہے اور اسلامی نام زلیخا رکھا ہے ۔
ساجد علی کا کہنا ہے کہ ایک امریکی خاتون کے آنے پر گھرمیں خوشی ہے، جبکہ امریکی خاتون نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے ۔
امریکی خاتون کا کہنا تھا کہ ساجد زیب سے شادی کرکے خوش ہوں، دیر کے لوگ بہت اچھے ہیں ، یہاں خود کو بہت محفوظ سمجھتی ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے گھر میں میری ایک بڑی بہن ، ایک چھوٹا بھائی اور والد ہیں ، امریکہ میں ہمارا ایک چھوٹا خاندان ہے، لیکن دیر میں ایک بڑے خاندان کا حصہ بن کر خوشی ہو رہی ہے ۔
زلیخا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں، مجھے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ مجھے ایسے محبت کرنے والے لوگ ملیں گے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پہلی بار پاکستان آئی ہے، یہاں پہنچنے پر معلوم ہوا کہ پاکستان خوبصورت اور پرامن ملک ہے ،امریکہ واپس ضرور جاوں گی لیکن فی الحال ساجد کے ساتھ بہت خوش ہوں ۔