کابل: افغانستان میں طالبان رجیم کے خلاف مسلح مزاحمت کا دائرہ فاریاب سے قندھار تک پھیل گیا ہے.
ملک کے 9 صوبوں میں مزاحمتی گروپوں کے 9 حملوں میں طالبان رجیم کے 20 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔
مزاحمتی گروپ این آئی ایف (NIF) کے مطابق 21 نومبر کو قندھار کے نویں سکیورٹی ڈسٹرکٹ میں شیخ ہبت اللہ اخونزادہ کے خصوصی محافظوں کی چوکی پر راکٹ حملہ کیا گیا۔
حملے کے نتیجے میں شیخ ہبت اللہ کے 5 محافظ ہلاک اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔
اسی گروپ نے 22 نومبر کو بامیان میں طالبان اہلکاروں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس میں طالبان رجیم کے 9 اہلکار ہلاک ہوئے اور فوجی سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
19 نومبر کو وردک کے ضلع جلریز میں طالبان رجیم کی سکیورٹی چوکی پر حملے میں 2 اہلکار ہلاک ہوئے اور اسلحہ و گولہ بارود قبضے میں لیا گیا۔
افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ (اے یو ایف) نے 22 نومبر کو سرپل، فاریاب، غور اور پکتیا میں طالبان رجیم پر 4 حملے کیے۔
اے یو ایف کے مطابق ان کارروائیوں میں غور میں امر بالمعروف کے سربراہ اور طالبان انٹیلی جنس اہلکار سمیت 3 اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ پکتیا میں ایک گاڑی تباہ کر دی گئی۔
افغانستان فریڈم فرنٹ (اے ایف ایف) کے مطابق 19 نومبر کو کنڑ میں طالبان رجیم کی چوکی پر حملے میں 1 اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوئے۔
افغان گرین ٹرینڈ نے 20 نومبر کو بدخشاں میں کشم-فیض آباد شاہراہ پر طالبان رجیم کی 219 ڈویژن کی رینجر گاڑی کو نشانہ بنایا۔
تجزیہ کاروں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ طالبان رجیم کے ظلم، جبر اور انسانی حقوق کی پامالی سے تنگ افغان عوام کا غصہ اب مسلح مزاحمتی کارروائیوں کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق خواتین کی تعلیم پر پابندی، اظہارِ رائے پر قدغن اور من مانی گرفتاریوں جیسی پالیسیوں نے افغان عوام کو مزاحمت پر مجبور کر دیا ہے، جس کے باعث افغانستان بھر میں مزاحمت کا دائرہ مسلسل پھیل رہا ہے۔

