باڑہ، 25 نومبر: سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب خوارجی خمیم عرف راؤف خیبری سمیت چار مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا راؤف خیبری چند روز قبل باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کی دھمکی دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرنے میں ملوث تھا۔ مذکورہ ویڈیو میں ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راؤف خیبری سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا اور سکیورٹی اداروں کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔
باڑہ میں ہونے والے اس انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران اس کے ساتھ موجود مزید تین مبینہ خوارج بھی مارے گئے۔ کارروائی کے بعد علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے سکیورٹی اقدامات جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

