وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ادویات کی جانچ پڑتال اور ٹریکنگ کے لیے وزارتِ قومی صحت کی تیار کردہ "محفوظ دوا” موبائل ایپلی کیشن کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے، اس موقع پر انہوں نے ایپ کے ذریعے دوا کے ایک پیکٹ کو اسکین کر کے اس کے اصل ہونے کی تصدیق بھی کی ۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس منصوبے کو ملکی شعبہ صحت میں جدید اصلاحات کی جانب ایک بڑا سنگِ میل قرار سیتے ہوئے کہا کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خاتمے کے لیے ٹیکنالوجی کا یہ استعمال نہایت ناگزیر تھا ۔
ماضی کے ایک افسوسناک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے شہباز شریف نے بتایا کہ 11۔2010 کے دوران پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں ناقص ادویات کے استعمال سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تھا، اور جب ان ادویات کے نمونے یورپ کی تین مختلف لیبارٹریوں کو بھجوائے گئے تو انکشاف ہوا کہ دل کے مریضوں کو دراصل ملیریا کی دوائیں دی گئی تھیں، انہوں نے زور دیا کہ ماضی کی ایسی مجرمانہ غفلتوں سے سبق سیکھتے ہوئے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا ۔
وزیراعظم نے اس ایپ کی تیاری پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور ڈریپ (DRAP) کے سربراہ کو سراہا، جبکہ منصوبے میں شریک دیگر وزارتوں، اداروں اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ وزارتِ اطلاعات کے ذریعے اس ایپ کی افادیت سے متعلق آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ ملک کا ہر شہری اس سے مستفید ہو سکے، انھوں نے کہا کہ اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی مدد سے صارفین نہ صرف دوا کے مستند ہونے کی جانچ کر سکیں گے بلکہ اس کی مقررہ سرکاری قیمت اور مارکیٹ میں دستیابی سے بھی باخبر رہیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی خاندانوں کے لیے مہنگی دوائیں خریدنا ایک کٹھن مرحلہ ہے، اس لیے ادویات کی قیمتیں عام شہری کی پہنچ میں ہونی چاہئیں ۔
خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے قائداعظم محمد علی جناح کے افکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور علاج معالجے کی یکساں سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہیں ۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں باہمی اشتراک سے سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں گی، جس سے نظامِ صحت پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہوگا ۔

