آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے پہلے روز دونوں ٹیمیں اپنی پہلی اننگز میں آوٹ ہو گئیں ۔
ملبورن: ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے پہلے دن ہی بڑی تعداد میں وکٹیں گرنے سے اس کے پانچ دن تک جاری رہنے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں ۔
انگلش کپتان بین سٹوکس نے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 152 رنز پر آؤٹ ہوگئی ۔
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم محض 110 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا نے 42 رنز کی برتری حاصل کرلی ۔
پہلے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 4 رنز بنائے اور انگلینڈ کیخلاف 46 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے ۔
واضح رہے کہ میزبان آسٹریلوی ٹیم کو مہمان انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ایشیز سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے ۔
کینگروز نے پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دی، برسبین میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی میزبان آسٹریلوی ٹیم نے انگلینڈ کی ٹیم کو 8 وکٹوں سے مات دی تھی جبکہ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں 82 رنز سے شکست دے کر ایشز سیریز میں فیصلہ کن برتری قائم کرلی تھی ۔
دونوں ٹیموں کے درمیان مینز ایشز سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ 4 سے 8 جنوری 2026 تک سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائے گا ۔

