کرک کے سرحدی پہاڑی سلسلے، تھانہ خرم کی حدود میں واقع علاقے کرکنڈوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے بڑی کارروائی کی ہے، کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔
کرک: ضلعی پولیس آفیسر (آر پی او) کوہاٹ عباس مجید مروت کے مطابق یہ آپریشن ان کی براہ راست نگرانی میں کیا گیا، انہوں نے بتایا کہ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ۔
آر پی او کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد پہاڑی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشیں دشوار گزار پہاڑی علاقے میں موجود ہیں، تاہم ان کے ساتھی دہشت گرد لاشوں کو ساتھ لے جانے کے لیے پولیس پر فائرنگ کر رہے ہیں ۔
ضلعی پولیس آفیسر کرک سعود خان بھاری پولیس نفری اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے ۔
پولیس حکام کے مطابق علاقے میں مکمل کلیئرنس تک آپریشن جاری رہے گا اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔

