باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں میجر عدیل زمان شہید ہوگئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 29 دسمبر کو ضلع باجوڑ کی تحصیل خار میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کیا ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن علاقے میں موجود دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، اور اس دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا ۔
کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے ۔
دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر عدیل زمان بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، میجر عدیل زمان اگلے مورچوں سے اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، علاقے میں مزید دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔
وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے ۔

