وزیر اعظم کے مشیر مبارک زیب کے باجوڑ میں واقع گھر کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں رکن قومی اسمبلی کے گھر کا گیٹ مکمل طورپر تباہ ہوگیا ۔
دھماکے کے فوری بعد حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کارروائی کا آغاز کردیا جب کہ دھماکے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق نے کہا ایم این اے کے گھر کے مین گیٹ پر آئی ای ڈی مواد نصب کیا گیا تھا جو رات گئے پھٹ گیا، انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے کے وقت رکن قومی اسمبلی گھر پر نہیں تھے ۔
باجوڑ کے ضلعی پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ پولیس جائے وقوع پر موجود ہے اور دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے ۔
دھماکے کے بعد اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کے مشیر مبارک زیب نے کہا کہ ان کا خاندان اور پڑوسی دھماکے میں محفوظ رہے، اس طرح کے ہتھکنڈیں ان کے عزم کو متاثر نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے شہید بھائی ریحان زیب کے مشن کو جاری رکھوں گا ۔