بنوں کے ضلعی پولیس افسر(ڈی پی او) سلیم عباس نے کہا ہے کہ جو لوگ بنوں میں خراب حالات کی بات کر رہے ہیں ایسی کوئی بات نہیں ہے ، ہم بنوں کو عوام کیلئے امن کا گہوارہ بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں ۔
بنوں(فرحت اللہ بابر) بنوں میں سیکیورٹی صورتحال پر خیبر نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ضلعی پولیس افسر سلیم عباس کلاچی نے کہا کہ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ بنوں کو عوام کیلئے امن کا گہوارہ بنائیں،بہت بہتری آئی ہے ، ہم چاہتے ہیں لوگوں کیلئے بازار کو کھولیں اور ان شا اللہ مزید بہتری آئے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ امن و امان کی فضا برقرار رہے ، لوگ رات کو بھی گھروں سے نکلیں اور کسی قسم کا خوف محسوس نہ کریں ۔
ضلعی پولیس افسر نے کہا کہ کہ پولیس امن و امان کی بحالی کیلئے بہت اقدامات اٹھانے پر کام کر رہی ہے جس میں دہشتگردی کے خلاف اقدامات ،ہوائی فائرنگ ،اسلحے کی نمائش اور دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے اقدامات شامل ہیں ۔
ڈی پی او بنوں نے دہشتگردوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے سکول نہ جائیں تو اس کیلئے پولیس فورس علاقے میں موجود ہے ،علاقے کے بچوں کی تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔
سلیم عباس کلاچی کا کہنا تھا کہ ہم دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بنوں کے عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں ، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران عوام کی بہتری کیلئے مسلسل کام کر رہے ہیں ۔
ڈی پی او نے یہ بھی کہا کہ بنوں سے متعلق منفی باتیں پھیلائی جارہی ہیں لیکن ہماری بھرپور توجہ عوام کو امن دینے پر ہے ۔