سپریم کورٹ میں بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں کی نیلامی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں بینچ نے درخواست سننے سے انکار کر دیا ۔
اسلام آباد: چیف جسٹس نے بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں نیلامی کے خلاف درخواست کو پرانے بینچ کے پاس بھجواتے ہوئے ریمارکس دیے کہ مناسب ہوگا کہ یہ کیس پرانا بینچ ہی سنے ۔
بحریہ ٹاؤن کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ آگیا ہے، تفصیلی فیصلے پر بحریہ کی طرف سے اضافی معروضات جمع کراؤں گا ۔
عدالت عظمیٰ نے بحریہ ٹاؤن کے وکیل اضافی معروضات جمع کرانے کی اجازت دے دی، بعد ازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی ۔
یاد رہے کہ 8 اگست کو سپریم کورٹ کے ایک جج نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے زین ملک کے خلاف 6 ریفرنسز زیرِ التوا ہونے کے باوجود بحریہ ٹاؤن کی 6 جائیدادوں کی نیلامی میں جلد بازی پر سوال اٹھایا تھا ۔