بلوچستان کے علاقے بولان میں نامعلوم افراد نے کولپور اور مچھ کے درمیان ریلوے پل کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیا، جس کی وجہ سے صوبے بھر سے ریل کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے بولان میں کولپور اور مچھ کے درمیان ریلوے پل کو دھماکے کے ذریعے تباہ کردیا،جبکہ حملہ آوردہشت گردوں کی تلاش کیلئےسرچ آپریشن کو جاری کردیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ریلوے پل تباہ ہونے کی وجہ سے بلوچستان بھر سے ریل کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے سندھ، پنجاب اور پشاور سے ٹرینوں کی آمد و رفت کا سلسلہ معطل ہوا ہے۔
ریلوے پل کے تباہ ہونے کے باعث سبی کوئٹہ قومی شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کردی گئی جبکہ اس کے ساتھ ہی قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں بھی لگ گئیں ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات بلوچستان کے مختلف علاقوں میں لیویز اور پولیس پر حملے کیے گئے ہیں۔جبکہ قلات میں قومی شاہراہ پر لیویز موبائل پر بھی فائرنگ کی گئی ہے۔فائرنگ کی وجہ سے دو لیویز اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔اس کے ساتھ ہی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے حملے میں 23 مسافر اور 5 اہلکاروں سمیت 33 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں،جبکہ بیلہ میں 5 دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔