فلسطین کے شہر رفح میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیلی حملے ہوئے ہیں۔ان حملوں نے آخرکار بالی وڈ اداکاروں کے ضمیر کو بھی جگا دیا ہے۔
دو روز قبل اسرائیلی فوج نے رفح میں محفوظ قرار دیے گئے علاقے میں موجود کیمپ پر شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں 75 سے زائد فلسطینی زندہ جل کر شہید ہو گئے اور اس کے ساتھ ہی درجنوں فلسطینی جھلس کر زخمی بھی ہوگئے تھے۔اسرائیلی بمباری کی وجہ سے رفح کے پناہ گزین کیمپ میں آگ لگ گئی تھی جس میں بڑی تعداد میں شہادتیں ہوئی ہیں۔ اس کے بعد رفح میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر ایک اور اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 21 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔
اس ظلم کو دیکھتے ہوئے اب معروف بالی وڈ اداکار اور اداکارائیں اسرائیلی مظالم کے خلاف بول پڑیں ہیں۔اداکارہ سونم کپور نے فلسطین کے معصوم بچوں کے لیے آواز بلند کی ہے۔ اس سے قبل بھی سونم کپور فلسطین کے حق میں تھی۔اب انہوں نے فلسطین کے حق میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر متعدد اسٹوریز پوسٹ کیں۔سونم نے رفح کی تازہ ترین صورتحال اور شہدا کی تعداد کے حوالے سے اسٹوریز شیئر کیں ہیں،انہوں نے ساتھ ہی انسٹاگرام پر وائرل ایک ٹیمپلیٹ شیئر کیا جس میں لوگ تصاویر کو پوسٹ کرکے اس مہم میں حصہ لے رہے ہیں، اس اسٹوری میں لکھا تھا ‘آل آئز آن رفح’ (تمام نظریں رفح پر ہیں)۔
اس اسٹوری کو پوری دنیا کے مسلمانوں سمیت فلسطین کے لیے آواز اٹھانے والوں کی طرف سے سوشل میڈیا پر شیئر کیا جارہا ہے۔اس ہی حوالے سے اداکارہ سمانتھا نے اسرائیلی جارحیت اور معصوم فلسطینیوں کے قتلِ عام کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔بھارتی اداکار ورون دھون نے بھی رفح کے وائرل ٹیمپلیٹ میں اپنی اسٹوری پوسٹ کی اور فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کی ہے۔سپر اسٹار کرینہ کپور نے بھی یونیسیف کی ایک پوسٹ اسٹوری کو شیئر کیا ہے۔ جس میں بتایا گیا ہےکہ کس طرح کیمپوں میں سے شہید اور جھلسے ہوئے بچوں کی تصاویر سامنے آرہی ہیں، کس طرح ہزاروں فلسطینی بچوں اور لوگوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا ہے۔ان پوسٹ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح حال ہی میں فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ اور ویب سیریز ‘ہیرا منڈی’ میں شاندار اداکاری کا مظاہرہ کرنے والی ابھرتی ہوئی اداکارہ پراتیبھا رنتا نے بھی مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھائی ہے۔اس کے علاوہ ملائیکہ اروڑا، رشمیکا مندانہ، سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم خان، پلک تیواری، سوناکشی سنہا، عالیہ بھٹ اور مادھوری ڈکشت نے بھی سانحہ رفح پر اپنی اپنی آوازوں کو بلند کیا ہے۔