ریسکیو کے مطابق جنوبی وزیرستان میں رستم بازار کریکوٹ روڈ پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 6 پولیس اہل کاروں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے ڈیوٹی کے لیے اہل کاروں کو لے جانے والی پولیس کی گاڑی کو جنوبی وزیرستان میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا۔
پولیس نفری کو پرائیویٹ گاڑی کے ذریعے کڑی کوٹ لے جایا جا رہا تھا۔ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا بم دھماکا اتنا زوردار تھا کہ دُور دُور تک آواز سنی گئی۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس اہل کاروں میں اورنگزیب، محمد طاہر، کامران، عطا اللہ سمیت دیگر شامل ہیں ، دیگر افراد میں سید اختر، امان اللہ، عابد، حبیب جان، نور خاتم اور نور سلام شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی جب کہ پولیس کی نفری نے بھی جائے وقوع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے۔ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کرکے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا۔
یاد رہے کہ کریکوٹ بازار میں گزشتہ روز بھی نصب بم پھٹنے سے دھماکہ ہوا تھا جس میں قبائلی رہنما زخمی اور ان کا بیٹا شہید ہوگیا تھا ۔