پشاور (نیوز ڈیسک) خیبر نیوز پشاور سے ایک نیا اور منفرد ٹاک شو "بارڈر لائن” (Borderline Talk Show) کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کی میزبانی ممتاز صحافی اور تجزیہ کار رفعت اللہ اورکزئی کر رہے ہیں جو پاک افغان تعلقات کے حوالے سے اپنی گہری بصیرت کے لیے جانے جاتے ہیں۔
"بارڈر لائن” میں نامور اور سینئر صحافیوں کے ساتھ ساتھ پاک افغان امور پر مہارت رکھنے والے تجزیہ نگاروں کو مدعو کیا جاتا ہے تاکہ دونوں ممالک کے تجارتی، سیاسی اور سماجی تعلقات پر کھل کر بحث و مباحثہ کیا جا سکے۔ پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں نہ صرف پاکستانی ماہرین کی رائے شامل کی جاتی ہے بلکہ افغان صحافیوں، عمائدین اور حکومتی نمائندوں کی آراء بھی ناظرین تک پہنچائی جاتی ہیں۔
پروگرام میں خصوصی طور پر اس پہلو پر روشنی ڈالی جاتی ہے کہ آخر کون سی بنیادی وجوہات اور رکاوٹیں ہیں جو برسوں سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مسائل کے حل کی راہ میں حائل ہیں اور ان کا مؤثر حل کس طرح تلاش کیا جا سکتا ہے۔ اس مکالمے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مثبت اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔
"بارڈر لائن” کے پروڈیوسر ملک محمد حسنین ہیں جبکہ یہ پروگرام ہفتہ وار بنیادوں پر خیبر نیوز پشاور اسٹیشن سے نشر کیا جا رہا ہے۔