خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی کے علاقے اپر اورکزئی ماموزئی روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو ایف سی جوان شہید اور پانچ زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، دھماکہ اس وقت ہوا جب ایف سی کی گاڑی علاقے میں معمول کی گشت پر تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں حوالدار الطاف، سکنہ کرک اور سپاہی خیردین، سکنہ وزیرستان شامل ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کے بعد زخمی اہلکاروں اور شہداء کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے دھماکے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ایک بڑے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے تاکہ ملوث افراد کو گرفتار کیا جا سکے۔ پولیس نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔