چکوال میں پنڈی گھیب کے قریب ڈھوک پٹھان کے مقام پر مسافر بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، تیز رفتاری اور دھند کے باعث بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر تقریباً 80 فٹ گہری کھائی میں جا گری، حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہو گئے ۔
چکوال: پنڈی گھیب میں دھند کے باعث سی پیک بند ہونے پر جی ٹی روڈ کا متبادل راستہ اختیار کرنے والی اسلام آباد سے کراچی جانے والی مساف بس کو حادثہ پیش آیا ۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 27 مسافر شدید زخمی ہو گئے ۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔
پولیس کے مطابق حادثے کی ابتدائی وجہ دھند کے باعث کم حدِ نگاہ کم ہونا اور تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل بھی مکمل کیا جا رہا ہے ۔

