وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور وزیراعلیٰ کے پی اپنے لیے مرضی کی ٹیم چاہتے ہیں لیکن دوسروں کو یہ حق دینے کے لیے تیار نہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کچھ دن قبل وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ملاقات کی تھی اور ان سے درخواست کی تھی کہ وہ انھیں پسند کا چیف سیکرٹری دیں، وزیراعظم نے اتفاق کرتے ہوئے ان سے کہا تھا کہ انہیں صوبے میں حکومت کرنے کے لیے اپنی ٹیم بنانے کا حق ہے۔
دوسری جانب بالکل اسی طرح پشاور کے میئر حاجی زبیر علی نے اپنے والد حاجی غلام علی گورنر کے پی کے ہمراہ وزیراعلیٰ گنڈاپور سے ملاقات کی اور درخواست کی کہ وہ انہیں مقامی حکومت چلانے کے لیے اپنی پسند کی ٹیم دیں۔ انہوں نے انہیں حمایت کا یقین دلایا اور انہیں اپنی پسند کی ٹیم بھی دینے کا وعدہ کیا لیکن انہوں نے اھی تک میئر کی پسند کے کسی افسر کو تعینات کرنے کی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔
مشیر وزیر اعلیٰ کے پی بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ میئر پشاور کوپسند کی ٹیم دی جائے گی جس پر جے یو آئی کے سیکرٹری اطلاعات جلیل جان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا دوہرا معیار ہے، وزیراعلیٰ صرف اپنی مرضی کے افسران چاہتے ہیں۔
جب پشاور کے میئر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ انہوں نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور ان سے اپنے ڈی جی اور دیگر اہلکاروں کو تبدیل کرنے کی درخواست کی لیکن ابھی تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔