اسلام آباد:چین کے وزیراعظم لی کیانگ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت اور دورہ پاکستان پر اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے جہاں بچوں نے انہیں گلدستہ پیش کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف، وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام نے چینی وزیراعظم کا نور خان ائیر بیس پر استقبال کیا۔
چینی وزیراعظم کو پاکستان آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔چینی وزیراعظم 3 روزہ دورہ پر پاکستان پہنچے ہیں۔
چینی وزیراعظم آج صدر آصف علی زرداری اور وہ دیگر اعلیٰ شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے جب کہ معزز مہمان گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا ورچوئل افتتاح بھی کریں گے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق چینی وزیر اعظم لی کیانگ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، چینی وزیر اعظم 17 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے جن کے ہمراہ تجارت، خارجہ، قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے وزرا بھی ہوں گے۔ وفد میں چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ایجنسی اور دیگر سینیئر حکام شامل ہوں گے۔