ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق گزشتہ روز 1,109 افغان شہریوں کو طورخم بارڈر کے راستے افغانستان واپس بھیج دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ افراد پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تھے۔ ٹرانزٹ کیمپ میں لائے جانے والے افراد میں 624 ایسے افغان شامل تھے جن کے پاس کسی قسم کی قانونی دستاویزات موجود نہیں تھیں، جبکہ 485 افراد اے سی سی (افغان سٹیزن کارڈ) ہولڈرز تھے۔
امیگریشن حکام کے مطابق، ملک میں غیر قانونی رہائش پذیر افغان باشندوں کے خلاف کارروائی یکم اپریل سے جاری ہے، اور اب تک مجموعی طور پر 52,602 افغان شہریوں کو ملک بدر کیا جا چکا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ عمل قانون کے مطابق انجام دیا جا رہا ہے اور کسی بھی غیر قانونی رہائشی کو پاکستان میں رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔