عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ ایک مرتبہ پھر مؤخر کردیا گیا۔ فیصلہ 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔
یاد رہے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اٹھارہ دسمبر دوہزار چوبیس کو فیصلہ محفوظ کیا تھا ۔ فیصلہ سنانے کی تاریخ تیسری دفعہ تبدیل کردی گئی۔
اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پیش نہ ہوئیں۔ احتساب عدالت کے جج نا صر جاوید رانا نے وکلا ئے صفائی کے وقت پر نہ پہنچنے پر برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نے اٹھارہ دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
جج نا صر جاوید رانا نے ریمارکس دیے کہ 6جنوری کو میں ٹریننگ پر تھا اس لیے فیصلہ نہیں سنا سکا، صبح ساڑھے 8 بجے سے عدالت موجود ہوں نہ ملزمان اور نہ ہی ان کے وکلا پیش ہوئے، بانی پی ٹی آئی کو دو مرتبہ پیغام بھجوایا گیا لیکن وہ بھی عدالت پیش نہیں ہوئے، ٹرائل کے دوران بھی ملزمان کو متعدد مواقع دیئے گئے، بشری بی بی کوآج فیصلہ سنائےجانےکاعلم تھا لیکن وہ بھی پیش نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کیس کا ٹرائل مکمل کرکے 18 دسمبر2024 کوفیصلہ محفوظ کیا تھا۔ فیصلہ سنانےکیلئے23 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی لیکن 22 دسمبر کو عدالت نے تاریخ 6 جنوری 2025 تک بڑھا دی۔ 6 جنوری کو بھی احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصرجاوید رانا کی رخصت کے باعث فیصلہ نہ آیا۔
احتساب عدالت میں تقریباً سال بھر جاری رہنے والے ٹرائل کے دوران 3 ججز تبدیل ہوئے۔ نیب نے 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کروائے ۔ ملزمان پر فردجرم 27 فروری 2024 کو عائد کی گئی۔ وکلائے صفائی نے سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال، سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک سمیت تمام گواہان پر جرح کی ۔
تفتیشی افسر پر جرح 38 سماعتوں کے بعد مکمل ہوئی جبکہ ملزمان کو 342 کے بیانات مکمل کرنے کیلئے 15 مواقع ملے۔ ملزمان نے اپنے دفاع میں کوئی گواہ پیش نہیں کیا۔۔ عدالت نے 16 گواہوں کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے سے متعلق ملزمان کی درخواست مسترد کر دی تھی۔