پشاور: (تحسین اللہ تاثیر) صوبائی محکمہ داخلہ نے سیکیورٹی ڈویژن کے قیام کی سمری تیار کرلی ہے جس میں سیکیورٹی ڈویژن کیلئے 11 ہزار 853 آسامیاں تخلیق کرنے کی تجویز دی گئی ہے اور یہ اہلکار اہم شخصیات، تنصیبات اور جیل کی سیکیورٹی پر تعینات ہوں گے۔
دستاویز کے مطابق 7 ایس پی، 105 سب انسپکٹرز اور 210 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کی آسامیاں ہوں گے، جب کہ ہیڈکانسٹیبل 1048اور کانسٹیبل کی 10 ہزار 483 آسامیاں تخلیق کرنےکی تجویز دی گئی ہے۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی ڈویژن کی آسامیاں 2024 سے2027 تک 3 مراحل میں تخلیق ہوں گی،جس پر 6 ارب روپے سے زیادہ خرچ ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس وقت خیبرپختونخوا میں اہم شخصیات اور تنصیبات کی سیکیورٹی پر 10 ہزار 483 پولیس اہکار تعینات ہیں۔