وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کو مزید ریلیف دینے کا فیصلہ کرلیا۔
حکومت نے ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں وفاقی حکومت نے نیپرا سے رجوع کرلیا، درخواست پر 4 اپریل کو سماعت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت اپریل سے جون تک 3 ماہ کیلئےسبسڈی بڑھائے گی، ڈسکوز اور کے ای صارفین کو ایک روپے71 پیسے فی یونٹ ریلیف ملے گا۔ لائف لائن صارفین کے علاوہ اطلاق تمام صارفین پر ہوگا۔ قبل ازیں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بجلی ٹیرف میں کمی کی اجازت دیدی۔ آئی ایم ایف نے بجلی ٹیرف میں ایک روپے یونٹ کمی کی اجازت دیدی۔ تمام صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے یونٹ ریلیف ملے گا۔
یہ ریلیف کیپٹیو پاور پلانٹس پر لیوی سے حاصل ریونیو سے دیا جائے گا، کیپٹیو پاور پلانٹس کی جانب سے گیس کے استعمال پر لیوی عائد کی گئی ہے۔ دوسری جانب حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کیلئے ریلیف پیکیج پر بھی کام جاری ہے، آئی ایم ایف کی منظوری سے پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔