فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے ’معرکۂ حق، آپریشن بنیان مرصوص‘ کے دوران سیاسی قیادت کی دانشمندانہ رہنمائی، مسلح افواج کی ثابت قدمی اور پاکستانی عوام کے ناقابل تسخیر جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر بڑی سیاسی وعسکری قیادت نے بڑی تعداد شرکت کی ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے دیے گئے عشایہ میں صدر اور وزیراعظم کے علاوہ نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزرا، گورنرز، وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عشائیے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، دونوں سروسز چیفس، سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت، اعلیٰ سرکاری حکام اور تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی شریک تھے ۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل نے معرکہ حق میں سیاسی قیادت کی دور اندیشی کو سراہا جب کہ بھارتی پروپیگنڈا مہم کے خلاف پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا کے پُرعزم کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، اور انہیں فولادی دیوار قرار دیدیا ۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے پاکستانی سائنسدانوں، انجینئرز اور سفارتکاروں کی بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو بھی سراہا جو اس تنازع کے دوران نہایت اہم ثابت ہوئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عشائیہ میں شریک شرکا نے مسلح افواج کی قربانیوں اور جرات کو سراہا جب کہ فیلڈ مارشل نے بنیان مرصوص میں مسلح افواج کی کوآرڈینشن کی بھی تعریف کی ۔