خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں گیس اور کنڈینسیٹ کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ او جی ڈی سی ایل (پاکستان کی سرکاری آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ) کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ضلع لکی مروت کے بیٹانی 2 کنویں میں یہ ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ گیس اور کنڈینسیٹ کے ذخائر ولی بلاک ساماناسک فارمیشن میں دریافت کیے گئے ہیں، جو اس علاقے میں ہائیڈرو کاربن کا پہلا بڑا ذخیرہ ہے ۔
او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے ابتدائی طور پر یومیہ 21 لاکھ 14 ہزار مکعب فٹ گیس حاصل ہوگی، ساتھ ہی یومیہ 74 بیرل خام تیل بھی حاصل ہوگا۔ یہ ذخائر علاقے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
او جی ڈی سی ایل نے اعلان کیا ہے کہ اس دریافت کے بعد علاقے میں مزید کنویں کھودنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ گیس اور تیل کے ذخائر کو مزید بڑھایا جا سکے۔ اس کے علاوہ کمپنی نے اس علاقے میں دیگر ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے بھی اپنے آپریشنز کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں گیس اور تیل کے نئے ذخائر کی دریافت نہ صرف توانائی کی فراہمی میں اضافہ کرے گی بلکہ مقامی معیشت کو بھی مستحکم کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔