وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے بیڑے میں اضافے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے لیز پر نئے بحری جہاز لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت پی این ایس سی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران دی۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت پی این ایس سی کے پاس مختلف نوعیت کے 10 بحری جہاز موجود ہیں۔ وزیراعظم نے اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ سمندری تجارت کے ذریعے ملک کو سالانہ 4 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ کرنا پڑتا ہے، جو کہ قومی خزانے پر بھاری بوجھ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس مالی بوجھ کو کم کرنے کا لائحہ عمل فوری طور پر تیار کیا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دو ہفتوں کے اندر اندر ایک جامع بزنس پلان پیش کیا جائے، جس کے تحت پی این ایس سی کے بیڑے میں اضافے کے لیے بحری جہاز لیز پر حاصل کیے جائیں۔