اسلام آباد: امریکی محکمہ خارجہ میں جنوبی اور وسطی ایشیا امور کے اعلی عہدیدار ایرک مائیر نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرت ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور یہ فورم سرمایہ کاروں کے لیے یکساں مواقع فراہم کرے گا ۔
اسلام آباد میں دو روزہ پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم 2025 کے افتتاحی اجلاس سے امریکی وزارت خارجہ کے اعلیٰ عہدیدار ایرک مائیر کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہو رہا ہوں اور پاکستانی حکام کو اس فورم کے کامیاب انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی منرل اور معدنی وسائل کی اہمیت کو متعدد بار اجاگر کیا ہے، حالیہ دنوں میں پاکستان اور امریکا کے مابین کامیاب سرمایہ کاری کے کئی حوالے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین سویابین کی تجارت کا دوبارہ آغاز باعث مسرت ہے، 260 ہزار ٹن سویابین سے لدے چار جہاز حال ہی میں پاکستان پہنچے ہیں، یہ تجارتی روابط دونوں ممالک کے عوام کے مابین گہرے تعلقات کی نشان دہی کرتے ہیں ۔
امریکی عہدیدار نے کہا کہ متعدد پاکستانیوں نے امریکا میں ایکسچینج پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کی ہے، یہ اقدامات پاکستانی اور امریکی عوام کے مابین گہرے رشتے کے عکاس ہیں ۔