پشاور: آئی جی خیبرپختونخوا اخترحیات خان نے سن ۲۰۲۳ میں خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور دہستگردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے جوانوں اور افسروں کی قربانیوں بارے کچھ تفصیلات پیش کی ہیں۔ اخترحیات خان کے مطابق رواں سال خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے 15 واقعات ہوئے، ان میں سے 10 واقعات میں افغان دہشتگرد ملوث پائے گئے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی کے پی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے واقعات میں افغانستان سے دہشتگردوں کو جدید اسلحہ مہیا کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا پولیس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے شدت پسندوں کا مقابلہ کررہی ہے۔
آئی جی کے پی کے مطابق خیبرپختونخوا میں رواں سال 185 پولیس اہلکار شہید جبکہ 400 زخمی ہوئے۔ رواں سال 917 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا اور 300 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں سال پولیس پر کیے گئے 137 حملوں کو ناکام بنایا گیا۔